نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل کو ہیک کر لیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں امریکا میں قائم کمپنی ریپل لیبس کی کرپٹو کرنسی کو فروغ دینے والے ویڈیوز اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، عدالتِ عظمیٰ کی یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو چل رہی ہے جس میں کرپٹو کرنسی سے متعلق مواد موجود ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے یوٹیوب چینل کا استعمال مفاد عامہ سے متعلق مقدمات کی براہ راست سماعت کے لیے کیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری 2018 میں چیف جسٹس یو یو للت کی زیر قیادت ہونے والی فل کورٹ میٹنگ میں دی گئی تھی۔ اس کے بعد سے، یوٹیوب چینل کے فالوئرز کی تعداد لاکھوں میں پہنچ گئی ہے، اور ہر ویڈیو کو ہزاروں ویوز مل رہے ہیں۔
جب صارفین نے معمول کے مطابق یوٹیوب چینل وزٹ کیا تو وہاں مقدمے کی سماعت کے بجائے کرپٹو کرنسی کے ویڈیوز چل رہے تھے۔
سپریم کورٹ کے ذرائع نے ویڈیو چینل کے ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکاؤنٹ کی ریکوری پر کام جاری ہے۔