اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسد قیصر نے میرے بہت کھانے کھائے ہیں، اسی لیے اب کھانے کے لئے ان کے ظہرانے میں آیا ہوں۔پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کی رہائش گاہ پر پہنچنے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسد قیصر کے پاس آنے کا مقصد یہی ہے کہ انہوں نے میرے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمن کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا، جس میں مولانا فضل الرحمن نے شرکت کی۔پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صدر عارف علوی اور رؤف حسن بھی اس ظہرانے میں شامل ہوئے۔ اسد قیصر نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں ظہرانے کی دعوت دی تھی۔ آئینی ترامیم کے لیے حمایت حاصل کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے وفود نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تھی، جس میں اسد قیصر نے اہم کردار ادا کیا۔ عارف علوی بھی مولانا سے ملے تھے۔