اسلام آباد ۔سپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس ایک دن کے لئے ملتوی کر دیا ،ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن سے ہونے والے ملاقات کے دوران کیا گیا ،اس سے قبل مولانا فضل الرحمن خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچے ،صحافیوں نے سوال پوچھا کہ کیا آپ حکومت کے ساتھ ہیں یا اپوزیشن کے ،کس کو خوشخبری سنا رہے ہیں جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قوم کے لئے خوشخبری ہوگی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے تجویز پیش کی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر منسوخ کیا جائے تا کہ مشاورت کا عمل مزید بڑھایا جا سکے ،آئینی ترمیم کو جلدبازی میں نہیں لایا جانا چاہیے ،حکومت اتفاق رائے پیدا کرے تا کہ ایک متفقہ بل لایا جا سکے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ۔