اسلام آباد ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بیرسٹر گوہر کو پی ٹی آئی کا چیئرمین تسلیم کرنے کا تاثر درست نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ ابھی تک زیر غور ہے اور اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے کو جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی، لیکن تحریک انصاف نے بار بار تاخیری حربے استعمال کیے۔یہ بیان سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے کیس میں اہم وضاحت کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں مخصوص نشستوں پر عمل درآمد نہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی درخواست کو تاخیری حربہ قرار دینے کا ذکر کیا گیا تھا۔