راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعلان کیا ہے کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کردہ امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا اور پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وادی تیراہ اور اس کے گرد و نواح میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں شامل فوجیوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، جنرل عاصم منیر کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کے لیے کیے گئے کثیر الجہتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف مؤثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی تعریف کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے فوج کے شہداء، غازیوں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کردہ امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، اور شہداء کی قربانیاں لڑنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور سیکورٹی فورسز کی مدد میں مقامی آبادی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے میں عمائدین کا مثبت کردار انتہائی اہم ہے۔
اس سے قبل، اورکزئی پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا، جس کے بعد جنرل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔