لاہور: پیرس میں جاری پیرالمپکس گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے ڈسک تھرو کے مقابلے میں برانز میڈل جیت لیا۔ ازبکستان کے ایتھلیٹ نے چھپن اعشاریہ صفر تین میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔
حیدر علی نے اپنی آخری کوشش میں ڈسک کو باون اعشاریہ چون میٹر دور پھینکا۔ ان کی پہلی تھرو باون اعشاریہ اٹھارہ میٹر رہی، جبکہ دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں کوشش فاؤل قرار دی گئی۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز عطا کر دیا گیا
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ایف سینتیس کیٹگری کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں یہ برانز میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے ٹوکیو گیمز میں ڈسکس تھرو ایونٹ میں باون اعشاریہ چھبببیس میٹر کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔
حیدر علی نے دوہزار آٹھ کے بیجنگ گیمز میں لانگ جمپ ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا اور دوہزار سولہ کے ریو پیرالمپکس گیمز میں بھی برانز میڈل پایا تھا۔ یہ ان کا پیرالمپکس گیمز میں مجموعی طور پر چوتھا میڈل ہے۔
انہوں نے ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں بھی سلور میڈل حاصل کیا ہے، جبکہ ایشین پیراگیمز میں چار گولڈ اور دو برانز میڈلز بھی جیتے ہیں۔ حیدر علی اب تک پاکستان کے لیے مجموعی طور پر پانچ گولڈ، دو سلور، اور تین برانز میڈلز جیت چکے ہیں۔