سرینگر۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اڈے کے قریب ایک حملے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا، جو بعد میں ملٹری اسپتال میں علاج کے دوران چل بسا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، جموں کے سنجوان فوجی اڈے کے نزدیک بھارتی فوج پر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ اتنی اچانک ہوا کہ فورسز کو ردعمل دینے کا موقع نہیں ملا۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی فوجی اڈے میں افراتفری پھیل گئی، افسران دوڑتے نظر آئے اور اہلکار خوف کے باعث اپنے کمروں میں چھپ گئے۔ حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ تھی اور وہ کارروائی کے بعد آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جب بھارتی فوج کے افسران موقع پر پہنچے تو ایک اہلکار شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ زخمی اہلکار کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خون زیادہ بہنے کی وجہ سے علاج کے دوران انتقال کر گیا۔ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اور ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔