علی گڑھ: بھارت میں دو سالہ مغوی بچے نے بازیابی کے بعد اپنے اغوا کار کو چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے اسے گلے لگا لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، جے پور پولیس نے بچے کو اغوا کے 14 ماہ بعد اتر پردیش سے بازیاب کرایا۔ واقعہ اُس وقت ڈرامائی شکل اختیار کر گیا جب پولیس اسٹیشن میں بچے کو اغوا کار سے الگ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ننھے بچے پرتھوی نے اغوا کار تنوج چہار کو مضبوطی سے پکڑ لیا اور گلے لگا کر دونوں زار و قطار رونے لگے۔ یہ منظر مزید شدت اختیار کر گیا جب بچے کی رونے کی آوازیں پولیس اسٹیشن میں گونجنے لگیں، تاہم افسران نے بچے کو زبردستی الگ کر کے باہر انتظار کرتی والدہ کے حوالے کر دیا۔
33 سالہ تنوج کا تعلق آگرہ سے ہے اور وہ علی گڑھ میں ریزرو پولیس لائنز میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اغوا کار مسلسل اپنی شناخت اور رہائش کی جگہ بدل کر ایک سال سے زیادہ عرصے تک پولیس سے بچنے میں کامیاب رہا۔ وہ بچے کو لے کر بھارتی شہر ورِنداون میں دریائے جمنا کے قریب ایک جھونپڑی میں مقیم تھا۔