اوسلو: ناروے کے شاہی خاندان کی باغی شہزادی، 52 سالہ مارتھا لوئیس، نے اپنے روحانی رہنما ڈیرک ویریٹ کے ساتھ ساحل پر واقع ایک ہوٹل میں شادی کی ہے۔المی خبر رساں اداروں کے مطابق، مارتھا لوئیس نے اپنی غیر روایتی خیالات اور طرز زندگی کی بنا پر شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ روحانی شخصیت ہیں اور جنات اور فرشتوں سے بات چیت کرتی ہیں۔
حالانکہ وہ ناروے کی تخت کے وارثوں میں چوتھے نمبر پر تھیں، ان کے چھوٹے بھائی، شہزادہ ہاکون، اس وقت ناروے کے ولی عہد ہیں اور کنگ ہیرالڈ کی وفات کی صورت میں نئے بادشاہ بنیں گے۔شہزادی مارتھا لوئیس نے جنات اور فرشتوں سے گفتگو اور اپنے روحانی سفر پر کتابیں بھی لکھی ہیں۔ ان کی پہلی شادی ناروے کے مصنف ایری بیہن سے ہوئی تھی، جن سے ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ تاہم، دونوں کے درمیان 2016 میں طلاق ہو گئی تھی اور طلاق کے تین سال بعد ایری بیہن نے خودکشی کر لی تھی۔
مارتھا لوئیس نے جون 2020 میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہت روحانی ہیں اور ان کے لیے ایک ایسے شخص کے ساتھ رہنا بہتر ہے جو اس بات کو تسلیم کرے۔گزشتہ روز، ساحل کے قریب ایک ہوٹل میں دونوں روحانی شخصیات نے شادی کر لی، جس میں تقریباً 300 عقیدت مندوں اور پیروکاروں نے شرکت کی۔
56 سالہ مارتھا لوئیس نے 49 سالہ امریکی ڈیرک ویریٹ سے دوسری شادی کی ہے، جو دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے پاس بدروحیں ہیں اور ان کا تعلق آسمانی مخلوق سے ہے۔ وہ خود کو ایک قدیم مذہب کے شمن کی چھٹی نسل کا سربراہ مانتے ہیں۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیرک ویریٹ قیمتی سونے کے تمغے فروخت کرتے ہیں، جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ دکھ، بیماری اور پریشانی سے محفوظ رکھتے ہیں اور جانوں کی حفاظت کرتے ہیں۔شہزادی مارتھا لوئیس کے شوہر ڈیرک ویریٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے پہلے جنم میں فرعون تھے اور مارتھا لوئیس ان کی بیوی تھیں، اور آج ہم نے شادی کے ذریعے اپنے سابق عہدوں کی تجدید کی ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈیرک ویریٹ کو اپنا روحانی رہنما ماننے والوں میں ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات گیونتھ پیلٹرو اور انتونیو بینڈراس سمیت کئی بزنس مین اور طاقتور شخصیات شامل ہیں۔ناروے میں اس شادی پر تنقید کی جا رہی ہے اور اس جوڑے کو ان کی غیر معمولی عادات کی وجہ سے عجیب و غریب قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ مارتھا لوئیس نے نومبر 2022 میں اپنے شاہی فرائض سے علیحدگی اختیار کی تھی، تاہم انہوں نے اپنے لقب کو اس شرط پر برقرار رکھا تھا کہ وہ اسے تجارت یا تشہیر کے لیے استعمال نہیں کریں گی۔ اس کے باوجود، شہزادی نے متعدد بار اس شرط کی خلاف ورزی کی ہے، اور حال ہی میں اس جوڑے نے ایک برانڈ متعارف کرایا جس پر شہزادی کا لیبل لکھا ہوا تھا۔ناروے کے معروف مورخ اور شاہی ماہر نے اپنی تحریر میں بادشاہ ہیرالڈ سے درخواست کی ہے کہ چونکہ شہزادی نے بار بار شرط کی خلاف ورزی کی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ مارتھا لوئیس سے شہزادی کا لقب واپس لے لیا جائے۔