تل ابیب: مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے کے خلاف سرگرم اسلامی جہاد کے اعلیٰ کمانڈر صیہونی افواج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے تصدیق کی ہے کہ تلکرم کے نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ان کے ایک اہم کمانڈر اپنے بھائیوں کے ساتھ شہید ہوگئے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں جاری ملٹری آپریشن کے دوسرے دن 5 مسلح افراد ہلاک ہوئے، جن میں عسکریت پسند رہنما اور کمانڈر محمد جابر، المعروف ابو شجاع، بھی شامل ہیں۔
پلسطین اتھارٹی کی وزارت صحت کے ترجمان نے اطلاع دی ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ملٹری آپریشن کے دوران 2 دن میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی افواج طوباس کے الفارہ کیمپ سے پیچھے ہٹ گئی ہیں، جہاں گزشتہ روز تقریباً 10 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔