ریاض۔ سعودی عرب میں غار حرا تک کیبل کار کی سہولت فراہم کرنے والے منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ کیبل کار اگلے سال تک فعال ہو جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق، مکہ مکرمہ میں غار حرا تک پہنچنے کے لیے کیبل کار کا اسٹیشن مقدس پہاڑ پر 634 میٹر کی بلندی پر بنایا جائے گا۔ سمایا انویسٹمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فواز المحریج نے بتایا کہ غار حرا تک کیبل کار پروجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
پروجیکٹ کے سی ای او نے کہا کہ یہ پروجیکٹ آئندہ برس زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔ کیبل کار منصوبہ “حارا کلچرل ڈسٹرکٹ” کا حصہ ہے، جو گزشتہ سال سعودی عرب میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہ 67 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے علاقے پر محیط ہے۔
غار حرا کی زیارت کے لیے پہاڑ کی بلندی اور پتھریلی سڑکیں عمر رسیدہ زائرین کے لیے مشکلات کا باعث رہی ہیں، لیکن اس برس ایک نئی پکی سڑک کا افتتاح کیا گیا ہے، جس سے کچھ سہولت ملی ہے۔
تاہم، کیبل کار پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد، زائرین کے لیے مقدس پہاڑ کی بلندی تک پہنچنا مزید آسان ہو جائے گا۔