معروف برطانوی پاپ گلوکارہ اور نغمہ نگار ماریان فیتھ فل 78 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، ماریان فیتھ فل کی موسیقی کی نمائندہ کمپنی ’ریپبلک میڈیا‘ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ ’بہت افسوس کے ساتھ اعلان کیا جاتا ہے کہ گلوکارہ، نغمہ نگار اور اداکارہ ماریان فیتھ فل ہمیں چھوڑ کر جا چکی ہیں۔‘
ماریان فیتھ فل نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز اس وقت کیا جب وہ ایک تقریب کے دوران رولنگ سٹونز کے مینیجر سے ملیں، اور 1964 میں صرف 17 سال کی عمر میں ’ایز ٹیئرز گو بائی‘ گانے کی ریکارڈنگ کی۔ یہ گانا برطانیہ اور امریکہ میں بے حد مقبول ہوا، جس کے بعد ان کے کئی ہٹ گانے اور دو کامیاب البمز ریلیز ہوئیں۔
گلوکارہ کے انتقال پر ان کے ساتھی فنکاروں نے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ مشہور گلوکار میک جیگر نے ان کی رحلت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’وہ میری زندگی کا ایک طویل عرصہ حصہ رہیں، ایک شاندار دوست، حیرت انگیز گلوکارہ اور باصلاحیت اداکارہ تھیں۔‘
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ماریان کی زندگی کئی نشیب و فراز سے گزری۔ وہ منشیات کی عادت میں مبتلا ہوئیں اور ایک مدت تک بے گھر بھی رہیں، تاہم 1979 میں البم ’بروکن انگلش‘ کے ذریعے انہوں نے شاندار کم بیک کیا۔ بعد میں، انہوں نے اپنی زندگی کو بہتر بنایا اور اسے ایک غیر معمولی سفر قرار دیا۔