واشنگٹن۔امریکا میں فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے تصادم کے نتیجے میں تمام 67 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، واشنگٹن طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی خاتون کی شناخت اسریٰ حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
ان کے شوہر، حماد رضا، ریگن ایئرپورٹ پر اپنی اہلیہ کے استقبال کے لیے موجود تھے، جب اچانک ایئرپورٹ پر پیدا ہونے والی ہلچل نے بے چینی میں اضافہ کر دیا۔ ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینسوں کی آمد و رفت دیکھ کر وہاں موجود افراد میں اضطراب پھیل گیا۔
حماد رضا نے بتایا کہ بار بار پوچھنے پر جب ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے کی تصدیق کی تو وہ سکتے میں آ گئے۔ ان کی اہلیہ نے لینڈنگ سے 15 سے 20 منٹ قبل پیغام بھیجا تھا کہ وہ جلد ہی ایئرپورٹ پر پہنچنے والی ہیں۔
اسریٰ حسین واشنگٹن سے ڈومیسٹک پرواز کے ذریعے کینساس کے شہر ویچیٹا کسی کام سے گئی تھیں اور واپسی پر اس المناک حادثے کا شکار ہو گئیں۔
حماد رضا کے مطابق، ان کی اہلیہ فضائی سفر سے خوفزدہ رہتی تھیں اور حتی الامکان پرواز سے گریز کرتی تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق، 26 سالہ اسریٰ حسین اور 25 سالہ حماد رضا کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی۔ دونوں نے انڈیانا یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کیا تھا۔
حماد رضا کے والد، ڈاکٹر ہاشم رضا، کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ میزوری کے بیپٹیسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔