ریاض۔سعودی عرب کی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی (سی ایم اے) نے ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار اب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ غیر سعودی افراد کو ان مقدس شہروں میں سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔
اس فیصلے کے تحت، کیپٹل مارکیٹ میں لسٹنگ کرنے والی کمپنیز کو رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کا حق حاصل ہو گیا ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کار ان کمپنیز میں سرمایہ کاری کے ذریعے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شمولیت اختیار کر سکیں گے۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اس اقدام کا مقصد کیپٹل مارکیٹ میں مالیاتی مصنوعات کو وسعت دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔
یہ فیصلہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کو نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک کی معیشت میں بھی استحکام اور ترقی کی توقع کی جا رہی ہے۔