سرینگر۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوی کے گاؤں بدھل میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پراسرار بیماری کی وجہ سے 16 افراد کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ان اموات میں نیوروٹوکسن کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ نیوروٹوکسن ایک ایسا کیمیکل یا مادہ ہے جو اعصابی نظام کو نقصان پہنچاتا ہے اور اس کے اثرات انسانی اعصابی نظام پر سنگین ہو سکتے ہیں۔ کیمیائی آلودگیاں جیسے پالیمیرائزڈ کیمیکلز یا ہیوی میٹلز نیوروٹوکسن کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ان پراسرار اموات نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ 7 دسمبر سے 17 جنوری تک مرنے والے متاثرین نے بخار، درد، متلی اور ہوش میں کمی کی شکایات کی تھیں۔
حکام کے مطابق، زیادہ تر متاثرین ایک ہی خاندان سے ہیں، جس سے مقامی سطح پر مزید تشویش پیدا ہوئی ہے۔ ماہرین صحت کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں مرنے والوں میں نیوروٹوکسن کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق، مزید تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ اصل وجہ کا پتا چل سکے۔ مقبوضہ کشمیر میں نیوروٹوکسن کا جان بوجھ کر استعمال خارج از امکان نہیں، اور یہ ممکن ہے کہ یہ کارروائی کشمیریوں کے خلاف بھارتی فوج کی جانب سے کی گئی ہو۔