سیالکوٹ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 65 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نئے بجٹ میں ہونہار اسکالرشپس کی رقم 50 ہزار تک بڑھا دی جائے گی اور اب سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبا و طالبات کو بھی اسکالرشپس دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ذاتی کاروبار نہیں ہے، بلکہ عوام کے سامنے جواب دہ ہے اور میرٹ کو ترجیح دیتے ہوئے ارکان اسمبلی کو ناراض کر کے بھی اس کا تحفظ کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس بالکل مفت دی جائیں گی، کیونکہ نوجوانوں کے لیے ترقی کے راستے بنانا ماں کا فرض ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اسکالرشپ کی پہلی کھیپ آ چکی ہے اور یہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سب کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وہ اپنے والدین کی دعاؤں کے سبب وزیراعلیٰ بنی ہیں اور جو لوگ ان پر الزامات لگاتے تھے، ان کے خلاف کبھی بھی کوئی مالی بدعنوانی ثابت نہیں ہو سکی۔
مریم نواز نے سیاست میں بھی میرٹ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ لوگوں کو چور کہنے والے خود پر 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ہماری ریڈ لائن پاکستان ہے اور انہیں کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے ملک کی معیشت کی بہتری اور مہنگائی میں کمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان اقدامات کا فائدہ طلبہ تک پہنچے اور وہ انہیں صرف وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ایک ماں کے طور پر دیکھتی ہیں، جو طلبہ کے لیے راستے نکال رہی ہیں۔