راولپنڈی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے اس سال مجموعی طور پر 59,775 کارروائیاں کیں، جن کے دوران 925 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں خوارج بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے 2024 کے اہم امور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ قومی سلامتی، علاقائی حالات، ملک کے دفاع، داخلی امن، اور انسداد دہشت گردی سے متعلق کیے گئے اقدامات پر گفتگو کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ وہ فوجی تربیتی مشقوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور یہ مہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران 27 افغان دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مزید تفصیلات میں انہوں نے بتایا کہ فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے روزانہ کی بنیاد پر 179 سے زائد آپریشنز کیے، جن میں 73 اہم دہشت گردوں کو کامیابی سے ہلاک کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے یہ بھی بتایا کہ ان آپریشنز کے دوران 383 افسران اور جوانوں نے جانفشانی سے لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے 25 مرتبہ سرحدی خلاف ورزی کا ذکر کرتے ہوئے اسے قابل مذمت قرار دیا۔