راولپنڈی ۔سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزاؤں کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے عوام نے ان سزاؤں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کے منصوبہ سازوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
راولپنڈی کے شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سانحہ 9 مئی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کو دی گئی سزائیں بالکل درست اور ضروری تھیں۔ ان ملزمان نے پاکستانی اداروں کو نقصان پہنچایا اور ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، جو ناقابل قبول ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ چند سیاسی عناصر کی وجہ سے ریاستی اداروں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قانونی طور پر سنگین جرم ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے شرپسند عناصر کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ بیرونی سازشوں کے تحت اپنے ہی ملک کے اداروں اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کریں۔
شہریوں نے مزید کہا کہ سانحہ 9 مئی پوری قوم کے لیے دکھ کا باعث بنا۔ ان کے مطابق مجرموں کو سزائیں پہلے ہی مل جانی چاہیے تھیں۔ 9 مئی کو دشمن قوتوں نے ہمارے شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا، جو ناقابل برداشت عمل ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے عوام نے بھی فوجی عدالتوں کے فیصلے کو درست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف اس وقت مکمل ہوگا جب 9 مئی کے اصل ماسٹر مائنڈز اور ذمہ داران کو بھی مثالی سزائیں دی جائیں گی۔
عوام نے مزید کہا کہ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے عناصر کے اثر سے محفوظ رکھیں جو ملک دشمن مقاصد کے لیے نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں۔ منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ 25 مجرم کسی ایک ادارے کے نہیں بلکہ پوری قوم کے دشمن ہیں۔ 9 مئی کے واقعات میں شہدا کی یادگاروں اور اہم سرکاری املاک کو نشانہ بنایا گیا، جو ایک گھناؤنا جرم ہے۔ عوام نے فوجی عدالتوں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم ملکی سلامتی اور قانون کی بالادستی کے لیے ضروری تھا۔