کراچی۔پاکستان کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایف آئی اے نے ایک کارروائی کے دوران امریکا جانے کی کوشش کرنے والی افغان خاتون کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ثنا خواجہ نامی افغان شہری نے پاکستانی ویزا جعلسازی کے ذریعے حاصل کیا تھا۔ یہ خاتون 13 نومبر کو چمن بارڈر کے راستے علاج کے بہانے پاکستان داخل ہوئی، تاہم یہاں اپنے علاج کے حوالے سے کسی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمہ امریکا کا ویزا حاصل کرنے کے لیے علاج کا بہانہ بنا کر پاکستان آئی تھی۔ اسے یہ مشورہ اس کے کزن نے دیا کہ پاکستان جا کر میڈیکل ویزا کے ذریعے امریکی ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان پہنچنے کے بعد ملزمہ نے امریکی سفارتخانے سے ویزا لیا، جبکہ پاکستانی ویزا کے لیے جعلی کاغذات کا سہارا لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ثنا خواجہ کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔