اسلام آباد۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔ اب ہماری کوشش ہے کہ معاشی استحکام کی بنیادوں کو مزید مضبوط کیا جائے، جس میں نجی شعبے کا کردار نہایت اہم ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 78 ماہ کی کم ترین سطح 4.9 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ شرح سود بھی 13 فیصد سے کم ہو کر ایک مناسب سطح پر آ چکی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے 12 سے 14 ماہ کے دوران حکومت نے مثبت اور قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملکی آمدنی میں ہر ماہ اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب ملکی زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2 ہفتے کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل تھے، لیکن اب یہ ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح ترقی کا سفر جاری رکھا جائے تو زرمبادلہ کے ذخائر تین ماہ کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، جو عالمی معیار کے مطابق ایک بہتر معیار سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے اور معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیرات کا شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔