اسلام آباد۔وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے نجی حج منظم کمپنیوں اور ان کی ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی ہے، ساتھ ہی نجی عازمین حج کے پیکیجز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق، نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی۔ مختلف حج پیکیجز کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسکیم کے بنیادی حج پیکیجز کی قیمتیں 10 لاکھ 75 ہزار سے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان مقرر کی گئی ہیں۔ حج منظم کمپنیاں سہولیات کی فراہمی کے معاہدے (SPA) کے تحت نجی عازمین حج کی بکنگ کریں گی۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے حج پیکیجز “حج پالیسی فارمیشن کمیٹی” کی منظوری سے مشروط ہوں گے، اور اس منظوری کے لیے مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ سے زائد قیمت کے حج پیکیجز خریدنے اور بیچنے والے افراد کے کوائف ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔
ترجمان نے نجی عازمین حج کو تاکید کی کہ بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور “پاک حج” موبائل ایپ کے ذریعے تصدیق ضرور کریں۔ پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں اور سہولیات کے معاہدے کی کاپی ضرور طلب کریں۔
عوام کو مشورہ دیا گیا کہ حج پیکیجز کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھنے کے بعد ہی بکنگ کروائیں۔