اسلام آباد۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومت کی نااہلی نے ملک کو بحران کی گہرائیوں میں دھکیل دیا، اور آج تحریک انصاف وہ اقدامات کر رہی ہے جو ماضی میں کسی دشمن تنظیم کو کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔
پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کو بدترین معاشی مشکلات کا شکار کیا۔ ان کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت شدید دباؤ میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فوج کے خلاف سازشوں میں ملوث رہی اور پاکستان کے دشمن عناصر کے ہاتھوں کا کھلونا بنی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مغرب میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس کے برعکس موجودہ وفاقی حکومت معیشت کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور عالمی سطح پر پاکستانی معیشت کی بہتری کے چرچے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے “اڑان پروگرام” کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے، جس کے بعد معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور عدم استحکام سرمایہ کاری کے لیے نقصان دہ ہیں، اور پی ٹی آئی کی سیاست نے ملک میں عدم استحکام کو ہوا دی۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے مقدمات ملکی عدالتوں میں لڑے اور پاکستان کی عزت کو برقرار رکھا، جبکہ پی ٹی آئی نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے 50 ارب روپے اپنے قریبی حلقوں کو منتقل کیے اور قیمتی تحائف سستے داموں فروخت کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران نیازی کوئی سیاسی قیدی نہیں بلکہ ایک مجرم ہے، اور حکومت اسے رہا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔