لاہور۔چین کی حکمران جماعت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو 8 روزہ سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی ہے، اور وہ چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔
چین کی کمونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے موصول ہونے والے باضابطہ دعوت نامے کے مطابق، مریم نواز شریف اگلے ماہ چین کا 8 دن کا دورہ کریں گی۔ اس دورے کے دوران وہ بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کا دورہ کریں گی۔ مریم نواز کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی چین جائے گا۔
چین کی جانب سے دعوت 8 سے 15 دسمبر تک دی گئی ہے، جس میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ دعوت نامے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزائم کا ذکر کیا گیا ہے، اور اس دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، انڈسٹری، اسموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک پر بات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔
دورے کے دوران مریم نواز کو چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے آگاہ کیا جائے گا، اور وہ چین کے اہم قائدین اور حکومتی رہنماؤں سے ملاقات کریں گی۔