لاہور۔وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی رہنما بشریٰ بی بی تین دن تک سڑکوں پر دندناتی رہیں، لیکن غریب کارکنوں کو چھوڑ کر وہ خود بھاگ گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی کال پر پنجاب کے عوام نے شرکت نہیں کی، اور وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے احتجاج کی کال کو مسترد کیا۔
لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے وفاق پر یلغار کی۔ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پنجاب میں کسی بھی چیز کی قلت نہیں ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اس موقع پر میڈیا کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا نے عوام کو سچ دکھایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کا حوصلہ تو تھا، لیکن بشریٰ بی بی خود احتجاج کے دوران فرار ہو گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعویزوں اور موکلوں پر انحصار کرنے والی سیاسی خاتون نہیں بن سکتی۔
عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کل ڈنڈے اور گالیاں پڑیں اور یہ منظر تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا کہ اتنی جلدی کوئی انقلاب اتنا پیچھے ہٹ جائے۔