راولپنڈی ۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد اور ڈی چوک پہنچنے والے اپنے کارکنوں کو سراہتے ہوئے انہیں مطالبات کے پورا ہونے تک ڈٹے رہنے کی ہدایت دی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے عمران خان کا بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ “پاکستانی قوم اور پی ٹی آئی کے کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں جو اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکلے ہیں، پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور ملک میں طاقتور مافیا کے سامنے اپنے جائز مطالبات اور حقیقی آزادی کے لیے کھڑے ہیں۔”
عمران خان نے مزید کہا کہ “میرا اپنی ٹیم کو بھی یہی پیغام ہے کہ آخر تک لڑیں، اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔”
بانی پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ “محسن نقوی کی ہدایت پر پولیس اور رینجرز نے ہمارے کارکنوں پر فائرنگ اور شیلنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے، ان سے اس ظلم کا حساب لیا جائے گا۔” عمران خان کے مطابق شہری نہ صرف پرامن تھے بلکہ انہوں نے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی مدد بھی کی۔
عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف موبائلائزیشن اور فنڈز بھیجے بلکہ اپنے ممالک میں بھی مظاہرے کیے۔
عمران خان نے سوشل میڈیا رضاکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں ہمارے خلاف ہونے والی ناانصافیوں اور مطالبات کو اجاگر کرتے رہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ “مجھے ملٹری کورٹس سے کوئی خوف نہیں، اور میں اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، جو کرنا ہے کرلو۔”
آخر میں، بانی پی ٹی آئی نے دوسرے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی دھرنے میں شامل ہوں اور مظاہرے میں شریک تمام افراد اپنے مطالبات پورے ہونے تک پرامن، متحد اور ثابت قدم رہیں کیونکہ یہ پاکستان کی بقا اور حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔