اسلام آباد۔ہکلہ انٹرچینج کے قریب پولیس کانسٹیبل کی جاں بحق ہونے کے واقعے کا مقدمہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ ٹیکسلا میں پولیس کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سالار خان کاکڑ اور شاہد خٹک کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 14 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ملزمان ٹیئر گیس گن، ربڑ بلٹس گنز اور دیگر اسلحہ سے مسلح تھے، جنہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔ ملزمان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور پی ٹی آئی کے بانی و دیگر رہنماؤں کی مجرمانہ سازش کے تحت پولیس پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پولیس کو منتشر ہونا پڑا۔
ملزمان نے کانسٹیبل مبشر حسن کو زخمی کرنے کے بعد لال وین میں اغوا کر لیا اور بعد میں اطلاع ملی کہ انھیں ہکلہ پل کے نیچے پھینک کر فرار ہو گئے۔ کانسٹیبل مبشر حسن کو اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اس حملے میں کانسٹیبل عدنان، ریئس اور نعیم بھی زخمی ہوئے۔