ٹورنٹو۔موجودہ دور میں خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، اور کینیڈا میں ایک خاتون نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے اس بات کو ثابت کر دیا۔
البرٹا کی 59 سالہ ڈونا جین وائلڈ نے خواتین کی کیٹیگری میں ایک گھنٹے کے اندر سب سے زیادہ پش اپس کرنے کا نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 1575 پش اپس مکمل کر کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیا اور یہ کارنامہ وقت ختم ہونے سے 17 منٹ پہلے ہی انجام دیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونا نے کہا کہ وہ اپنی خوشی اور جذبات پر قابو پاتے ہوئے مسلسل محنت کرتی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ارادہ تھا کہ باقی 17 منٹوں میں زیادہ سے زیادہ پش اپس مکمل کریں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ڈونا نے اپنی قابلیت سے سب کو حیران کیا ہو۔ اس سے قبل وہ خواتین کی کیٹیگری میں 4 گھنٹے 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک ایبڈومنل پلینک پوزیشن میں رہ کر بھی گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔