اسلام آباد۔پی ٹی آئی کے بانی کی اہلیہ کے سعودی عرب کے حوالے سے بیان پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا ردعمل سامنے آ گیا۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ شراکت دار اور برادر ممالک ہیں، دونوں کے تعلقات باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات پر فخر کرتے ہیں کیونکہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل اوقات میں اس کا ساتھ دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سیاست کو چمکانے اور پوائنٹ اسکورنگ کے لیے سعودی عرب پر بے بنیاد الزامات لگانا افسوسناک رویہ اور منفی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے معمولی سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔