اسلام آباد ۔احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر کو پیش کریں اور ضامن کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے ایک بار پھر طبی وجوہات کی بنیاد پر حاضری سے استثنا کی درخواست دی، جس پر نیب نے اعتراض کیا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا ہے، لیکن نوٹری کی تصدیق اسلام آباد سے کروائی گئی۔
عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کیا گیا، لیکن ملزمان نے آج بھی دفعہ 342 کے تحت اپنا بیان جمع نہیں کرایا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بشریٰ بی بی مسلسل 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں سے غیر حاضر ہیں۔