بھارتی فلمساز راکیش روشن نے ماضی کی مشہور فلم “کرن ارجن” کو دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے یہ خوشخبری دی کہ یہ اقدام فلم کی 30 سالہ سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔
اس فلم میں مرکزی کردار بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور سلمان خان نے ادا کیے تھے، جس کے باعث یہ جوڑی فلم بینوں میں بےحد مقبول ہوئی۔ “کرن ارجن” میں راکھی جی کا مشہور ڈائیلاگ “میرے کرن ارجن آئیں گے” آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
راکیش روشن نے پوسٹر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، “راکھی جی نے ٹھیک کہا تھا، کرن ارجن آئیں گے!” اور یہ بھی بتایا کہ یہ فلم 22 نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ بات یاد رہے کہ “کرن ارجن” 1995 میں ریلیز ہوئی تھی، اور راکیش روشن کی پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی، جو کئی سالوں تک سنیما گھروں پر راج کرتی رہی۔