اسلام آباد۔سنی اتحاد کونسل / پی ٹی آئی کے ارکان نے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے چیف جسٹس کی تقرری کے سلسلے میں بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات ہوئی، جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے اسپیکر کے چیمبر میں ملاقات کی۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے ایاز صادق کو اپنی رائے سے آگاہ کر دیا۔ اسپیکر آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے آج کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی، جس کے نتیجے میں کمیٹی نے احسن اقبال، رعنا انصر، راجہ پرویز اشرف اور کامران مرتضی پر مشتمل ایک سب کمیٹی تشکیل دی، جنہیں سنی اتحاد کونسل کے ارکان سے ملاقات کر کے انہیں اجلاس میں شامل ہونے کے لیے قائل کرنے کا کہا گیا۔
سب کمیٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی درخواست کی، جس پر اسپیکر کے چیمبر میں کچھ دیر پہلے سب کمیٹی کے ارکان اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران کے درمیان ملاقات ہوئی۔
اسپیکر اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والی اس ملاقات میں سب کمیٹی کے ارکان اور بیرسٹر گوہر علی خان شامل ہوئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور کمیٹی کے ارکان کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کو کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی گئی، مگر بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ ان کی پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس کمیٹی کے اجلاسوں میں شامل نہیں ہوں گے۔
قبل ازیں، جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ججز کی تقرری کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں شرکت کے لیے راضی کرنے پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سے رابطہ کیا، جس پر انہوں نے پارٹی قیادت سے مشاورت کا وقت مانگا تھا۔