لندن۔سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئے سوالات اور ان کے جواب صارفین کو گھما کر رکھ دیتے ہیں، ایسا ہی ایک سوال سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس سے صارفین تذبذب کا شکار ہیں کہ اس کا درست جواب کیا ہوگا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ریاضی کے ایک آسان سوال اور اس کے جواب سے متعلق میاں بیوی میں ہونے والی بحث سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے اور صارفین بھی اس آسان سوال کے 2 الگ الگ جوابات پر تقسیم نظر آتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وائرل ویڈیو میں ایک کار سوار خاتون اپنے شوہر سے انگریزی میں سوال کرتی ہے کہ ? 4+ what is the half of 4۔۔خاتون کا شوہر اس آسان سے سوال کا جواب ’4‘ دیتا ہے کیونکہ اگر ہم 4 اور 4 کو جمع کریں تو 8 اور پھر اس کا نصف کریں تو جواب 4 آتا ہے۔
تاہم، خاتون اپنے شوہر کے دیے گئے جواب کو غلط قرار دیتی ہے، جس پر اس کا شوہر پریشانی کا شکار نظر آتا ہے مگر وہ اپنے جواب پر قائم رہتا ہے۔ اس کے بعد دونوں میاں بیوی بحث کرنے لگتے ہیں۔
بعد ازاں، یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی اور اس کا کیپشن تھا ’کیا آپ جواب جانتے ہیں؟‘
ویڈیو کے انٹرنیٹ پر شیئر ہوتے ہی صارفین کمنٹ سیکشن میں اپنی اپنی رائے کا اظہار کرنے لگتے ہیں۔ کسی صارف نے خاتون کے شوہر کے جواب کو درست قرار دیا تو کسی نے خاتون کی میتھس کا مذاق اڑایا۔
البتہ ایک صارف خاتون کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتا ہے کہ خاتون نے ’half of 4‘ کو 4 سے جمع کرنے کا کہا ہے، جس کا جواب 6 ہے، چونکہ 4 کا نصف 2 ہے اور سوال کے مطابق 4 کے نصف یعنی 2 کو 4 میں جمع کرنا ہے، لہٰذا اس سوال کا جواب 6 ہے۔