ممبئی: بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے شبے میں گرفتار دو ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گروپ سے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ممبئی میں قتل ہونے والے سیاستدان بابا صدیقی کی ہلاکت کے معاملے میں گرفتار ملزمان نے بتایا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی گروپ کے لیے کام کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے قتل سے قبل کئی روز تک بابا صدیقی کی نگرانی کی۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لارنس بشنوئی گروپ نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو متعدد بار قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، لارنس بشنوئی یا اس کے دیگر ذرائع نے ملزمان کے بیان کی ابھی تک تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
میڈیا میں شائع ہونے والی معلومات کے مطابق، بشنوئی کے قریبی ساتھی نے حال ہی میں کہا تھا کہ سلمان خان کے دوستوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، اور جو بھی سلمان خان کا دوست ہے وہ ان کی فہرست میں ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا ایک واقعہ بھی پیش آچکا ہے، لیکن اس میں سلمان خان اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے تھے۔ اس واقعے میں ملوث دو موٹرسائیکل سواروں کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔