اسلام آباد ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا ہے۔نیب سے ملزمان کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری ہے، اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو بھی بڑا ریلیف حاصل ہوا ہے۔احتساب عدالت نمبر 1 کے جج ناصر جاوید رانا نے جعلی اکاؤنٹس کڈنی ہلز ریفرنس کی سماعت کی۔چیئرمین نیب نے درخواست کی کہ عدالت قانون کے مطابق تمام ملزمان کو بری کرے۔ چار ستمبر کو نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ریفرنس واپس لیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں دستیاب شواہد کا معائنہ کیا گیا، اور پراسیکیوٹر جنرل کے ساتھ مشاورت کے بعد چیئرمین نیب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ ریفرنس مناسب نہیں تھا۔چیئرمین نیب نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر ملزمان کے خلاف اپنے ہی دائر کردہ ریفرنس کو واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست کی۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کر دیا۔