اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد اور پنجاب پر حملے کی دھمکی 9 مئی کے واقعات کو دہرانے کا اعلان ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا یہ بیان ان کی ناکامی کا ثبوت ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے میں ناکام ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی دراصل 9 مئی کی تکرار ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گالی سے گولی کی طرف بڑھنے کا انتخاب کیا ہے، جس سے ان کا اپنا نقصان ہوگا، کسی اور کا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بھی بیان، اقدام یا رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ہے۔ انہوں نے کبھی بھی تعلیم، صحت، روزگار اور معیشت کی بہتری کے میدان میں مقابلہ کرنے کی بات نہیں کی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اگر انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں انقلاب لائیں۔ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور نااہلی کی حد ہوگئی ہے، اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا کی حکومت کوئی ریلیف فراہم کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی تعمیر کے ذریعے عوام کی خدمت کا ریکارڈ بناتے، صدر شی جن پنگ کے دورے کو ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے دوران پھر سے فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچانے والی پی ٹی آئی کو یہ بات تکلیف دے رہی ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی طرف بڑھ رہا ہے، عوام کو مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو یہ بات بھی تکلیف دے رہی ہے کہ مہنگائی 32 فی صد سے 9.6 فی صد پر کیسے آئی۔ گالی، گولی اور بندوق سے نہ تو مہنگائی کم ہوگی اور نہ ہی بے روزگاری، 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا مرکز بنا ہوا ہے۔