اسلام آباد: چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک میں ایم ایم اے (مکسڈ مارشل آرٹس) کے فروغ کے لیے فیڈریشن کے کردار اور حکومت کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔عمر احمد نے بتایا کہ فیڈریشن اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پورے ملک میں اس کھیل کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ہونے والی تاریخی ایم ایم اے ایشین چیمپئن شپ کا ذکر کیا، جس میں 18 ممالک سے سینکڑوں ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ ان کے مطابق، اس ایونٹ کو براہ راست دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں نوجوان سٹیڈیم میں موجود تھے، جو اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے پاکستان میں ایم ایم اے کے فروغ کے لیے عمر احمد کی خدمات کو سراہا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔