اسلام آباد۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چھتری تلے خواتین کو نمایاں مواقع فراہم کئے جائیں گے، بااختیار خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، ایچ ای سی خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ای سی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے ’ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود خان نے کہا کہ تقریب میں نوجوانوں کی کثیر تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کیونکہ نوجوانوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت آ رہے ہیں جس سے ملکی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ایک تاریخ ہے کہ جہاں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی بات کی گئی وہاں پر انہیں بااختیار بنایا گیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو وراثتی حصہ دینے اور تشدد کی روک تھام کیلئے قوانین بنائے ہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013 سے شروع کیا گیا اور اس وقت سے لے کر 2024 تک نوجوانوں کو 186 ارب روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں، اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس میں خواتین کا حصہ 11 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کو بااختیار بنانے پر کام کیا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چھتری تلے خواتین کو مواقع چاہے وہ پیشہ وارانہ یا فنی تعلیم ، ہاسپیٹلٹی سروس یا نرسنگ سے متعلق ہو، فراہم کئے جا رہے ہیں، یہ اتنے بڑے مواقع ہیں کہ اگر ہم ان کو اچھی طرح استعمال کریں تو ہم 10 سے 15 لاکھ بچے اور بچیوں کو بیرون ملک بھجوا سکتے ہیں اور اس پر ہم کام کر رہے ہیں، پاکستان کا مستقبل ان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کے طلباءبھی پاکستان آ رہے ہیں جس سے طلباءکیلئے مواقع بڑھ رہے ہیں۔