راولپنڈی: نئے آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان کے پہلے پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) سے پاک امریکا تعلقات پر پی ایچ ڈی کی ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات پر ان کی گہری بصیرت کی عکاسی کرتی ہے۔وہ 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ عاصم ملک نے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ بھی کی ہے، اور وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی کام کیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ ہیں اور اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک ایک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں؛ ان کے والد غلام محمد بھی لیفٹیننٹ جنرل رہ چکے ہیں اور انہوں نے کور کمانڈر راولپنڈی کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔