امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف 29 ستمبر کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد حق دو تحریک ایک مزاحمتی تحریک میں تبدیل ہو جائے گی۔
لاہور میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں، جبکہ آئی پی پیز کو بغیر بجلی فراہم کیے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی وجہ سے مایوسی پھیل رہی ہے اور ہم دھرنے بھی دیں گے، جن میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر دھرنے شامل ہوں گے۔ 7 اکتوبر کے بعد حق دو تحریک ایک مزاحمتی تحریک میں تبدیل ہو جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی 45 دن کی مدت مکمل ہونے پر نئی تحریک کا آغاز کرے گی اور 29 ستمبر کو مختلف شہروں میں بڑے مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی یکم اکتوبر سے 7 اکتوبر تک غزہ اور لبنان کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی، اور 7 اکتوبر کے بعد نئی مزاحمتی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس میں احتجاجی دھرنے اور ریلیاں شامل ہوں گی۔