اسلام آباد۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ صیہونی لابی عمران خان کو دوبارہ پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کی اور اسرائیلی اخبار “یروشلم پوسٹ” میں شائع مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اسرائیل کا حامی قرار دیا۔احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے اسرائیلی حکام کو پیغامات بھیجے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی لابی کے مطابق عمران خان پاکستان میں اسرائیلی مفادات کے لیے واحد قابل قبول شخصیت ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ لوگ اب سمجھ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے پیچھے کون ہے۔ عمران خان نے میئر لندن کے انتخابات میں پاکستانی نژاد امیدوار کی کھلے عام مخالفت کی اور 2013 سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کی، جس نے پاکستان میں شدید تقسیم پیدا کی۔