کراچی۔جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مزید برقرار نہیں رہ سکتی، فوری طور پر صاف اور شفاف انتخابات منعقد کیے جائیں۔اتوار کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا حیدری نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں حکومتی اختیار نہیں، سندھ کے کچے میں روزانہ ڈاکو لوگوں کو اغوا کرتے ہیں، اور بلوچستان میں قومی شاہراہیں بلا روک ٹوک بند کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2018 اور 2024 کے جعلی انتخابات نے مستحکم حکومتیں قائم نہیں کیں، انتخابات میں بدعنوان افراد کو مسلط کیا جاتا ہے۔ حکومتی عہدیدار خود یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ حکومت کی کارکردگی متاثر ہے۔مولانا حیدری نے کہا کہ آئین میں آرڈیننس کی کوئی مستقل حیثیت نہیں، یہ صرف عارضی بنیادوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سنجیدہ مطالبات پر غور و فکر ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو پاکستانی حکمرانوں نے اپنایا ہے، مہنگائی میں کمی کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے سب کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔