اسلام آباد- پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مضمون پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وضاحت طلب کی ہے۔شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی اخبار نے لکھا ہے کہ “بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتے تھے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے اسرائیلی لابی کے ساتھ تعلقات ہیں۔
پی پی پی رہنما نے سوال کیا کہ تحریک انصاف وضاحت دے کہ اسرائیل ان کا حامی کیوں ہے؟ انہیں یہ بھی وضاحت کرنی چاہئے کہ اسرائیل کو کیوں یقین ہے کہ بانی پی ٹی آئی عوامی رائے اور فوجی پالیسی میں تبدیلی لا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی روزانہ اڈیالہ جیل سے پیغام بھیجتے ہیں، ان دعوؤں کی بھی وضاحت ہونی چاہیے۔یاد رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا گیا ہے، اور اس نے ٹائمز آف اسرائیل کے دعوؤں کی بھی تصدیق کی ہے۔