راولپنڈی: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست میں انتشار اور خلفشار ہے۔ گورنر پنجاب نے وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو گورنر ہاؤس بلا کر انہیں سمجھایا جائے گا کہ بدامنی پھیلانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو مولا جٹ کے نعروں سے نہیں چلایا جا سکتا اور علی امین گنڈا پور کو غیرذمہ دارانہ رویے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ پی ٹی آئی کو اب بڑی سطح پر کام کرنا ہوگا۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مدرسہ تعلیم القرآن راولپنڈی قیام پاکستان سے قبل سے دین کی خدمت میں مصروف ہے۔ مختلف فرقوں کی موجودگی اور بیرونی دنیا کی سازشوں کے باوجود علماء کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جو اللہ اور اس کے رسول کے نام پر قائم ہوا ہے، اور ملک میں امن و امان کے لیے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ہمیں سب کو مل کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔