لاہور—وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو “اسرائیلی سیاسی برانڈ” قرار دے دیا ہے۔ ایک بیان میں رانا ثناء نے کہا کہ اسرائیل ٹائمز نے پاکستان میں “انقلاب” اور “تبدیلی” لانے کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے، جس سے 9 مئی کی منصوبہ بندی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہو گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ “فارن فنڈنگ” اور “سماجی خدمت” دراصل ایک سازش کا حصہ تھی، جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی، نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی کو تبدیل کرنا تھا۔ رانا ثناء نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو جوہری طاقت بنانے، سی پیک لانے، اور اقتصادی ترقی کو بلند ترین سطح پر پہنچانے کی پوری کہانی اسرائیلی اخبار کے مضمون سے واضح ہو جاتی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اسرائیل نے عمران نیازی کے حق میں بیان کیوں دیا اور امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور کی گئی؟ ان سب کی وجوہات اب مکمل طور پر سامنے آ گئی ہیں۔ رانا ثناء نے مزید کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہیں جنہیں “اسلامی رنگ” دے کر مسلمانوں میں مقبول بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت ہر مسلمان کو فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے “سیاسی برانڈ” کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ ان حقائق کے سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کو جلسوں کی نہیں، بلکہ خود کو مٹانے کی ضرورت ہے۔