لندن: بالی ووڈ فلم ‘بیڈ نیوز’ کے گانے ‘توبہ توبہ’ سے شہرت حاصل کرنے والے بھارتی گلوکار کرن اوجلا کو لندن میں اپنے لائیو کنسرٹ کے دوران ایک غیر متوقع واقعے کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک سامع نے اسٹیج پر ان کے منہ پر جوتا پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کرن اوجلا نے گزشتہ شب لندن میں اپنے مداحوں کے لیے ایک میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں مداحوں نے شرکت کی۔ تاہم، پرفارمنس کے دوران ایک ناپسندیدہ واقعہ پیش آیا جب سامعین میں سے ایک شخص نے اسٹیج پر جوتا پھینکا، جو سیدھا کرن اوجلا کے منہ پر جا لگا۔
جوتا منہ پر لگنے کے بعد، کرن اوجلا شدید غصے میں آگئے اور سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “رکو! وہ کون تھا؟ میں آپ کو اسٹیج پر آنے کے لیے کہہ رہا ہوں، آئیے، اب ون ٹو ون کرتے ہیں۔” گلوکار نے گالی دیتے ہوئے مزید کہا، “میں اتنا برا نہیں گا رہا کہ تم نے مجھے جوتا دے مارا، اگر آپ کو مجھ سے یا میری موسیقی سے کوئی مسئلہ ہے تو اسٹیج پر آ کر بات کرو۔”
رپورٹس کے مطابق، اس واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جوتا پھینکنے والے شخص کی شناخت کی اور اسے کنسرٹ سے باہر نکال دیا، جبکہ کرن اوجلا نے اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔