لاہور۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی جی خان سے لاہور جاتے ہوئے راستے میں ایک چائے کے ڈھابے پر گاڑی روک لی۔ اس اقدام سے انہوں نے شہریوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ ڈیرہ غازی خان میں بچوں کے نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب کے بعد، وزیراعلیٰ پنجاب سڑک کنارے واقع ڈھابے پر رکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف وہاں چارپائی پر بیٹھ گئیں، اور انہیں چائے پیش کی گئی۔ شہریوں نے ان کے سامنے بجلی کے بل دکھاتے ہوئے 14 روپے فی یونٹ کی کمی پر شکریہ ادا کیا۔ گفتگو کے دوران شہریوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے، آپ نے بجلی کے بل کم کرکے غریبوں کی دعائیں لی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آپ کے بلوں کی فکر میں ہیں، اور وزیراعظم شہباز شریف اور میں آپ کو مزید ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی آئی ہے، آٹا، چینی، گھی، دالیں، اور سبزیاں سستی ہوئی ہیں، اور ہم مزید سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش میں ہیں۔