مراکش کے دارالحکومت رباط میں یوم دفاع کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستان کے سفیر محمد سمیع کی دعوت پر مختلف ممالک کے سفیروں اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر محمد سمیع نے خطاب عربی زبان میں کیا۔
تفصیلات کے مطابق، شرکا نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ محمد سمیع نے کہا کہ پاک فوج کی تاریخ بے نظیر ہے اور عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی امن فوج کا حصہ بن کر بھی وہ قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کی قربانیوں کی بدولت پاکستانی عوام سکون کی نیند سو رہی ہیں اور دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ پاک فوج کا پیشہ ورانہ کردار ہر پاکستانی کے لئے فخر کا باعث ہے، چاہے وہ سرحدوں کی حفاظت ہو یا ملک میں کسی بھی قسم کی آفت ہو، پاک فوج ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو خاص طور پر اجاگر کیا اور بتایا کہ کشمیری قوم دہائیوں سے بھارتی ظلم و تشدد کا شکار ہے۔ محمد سمیع نے عرب ممالک سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے اس پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
یوم دفاع کی تقریب میں منسٹر آف جسٹس عبدالطیف اوبائی اور ایمبیسڈر چیف آف پروٹوکول انس خلیص بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان اور مراکش کے پرچم کی تصویر والے بڑے کیک کو بھی کاٹا گیا۔