مظفر آباد: آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں 9 سال قبل لاپتہ ہونے والے سیاحوں کی باقیات دریافت کر لی گئی ہیں۔
مقامی کوہ پیماؤں نے مظفرآباد میں نو سال قبل لاپتہ ہونے والے سیاحوں کی باقیات کو دریافت کیا اور اس کی اطلاع انتظامیہ کو دی۔
یہ باقیات وادی نیلم اور گلگت بلتستان کے سنگم پر واقع سر والی چوٹی سے ملیں، اور انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، باقیات کی دریافت کے لیے تین دن تک جاری رہنے والے ریکوری آپریشن میں شدید سردی اور بارش کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران انتظامیہ اور پولیس بھی کوہ پیماؤں کی نگرانی کرتی رہی۔
یہ واقعہ 31 اگست 2015 کا ہے جب 3 سیاح، عمران جنیدی، عثمان خالد، اور خرم شہزاد، آزاد کشمیر کی وادی نیلم کی سب سے بلند چوٹی ‘سر والی’ کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔
ستمبر میں لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا، لیکن کوہ پیماؤں اور ریسکیو رضاکاروں کو کامیابی نہیں ملی تھی۔