ممبئی: بالی ووڈ اور جنوبی بھارت کی فلموں کے مشہور اداکار کمل ہاسن نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکا کا سفر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 69 سالہ کمل ہاسن گزشتہ ہفتے امریکا روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے معروف تعلیمی ادارے میں اے آئی کے کورس میں داخلہ لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کمل ہاسن نے تین ماہ کے اے آئی کورس میں شامل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، مگر پیشہ ورانہ مصروفیات کی وجہ سے وہ صرف 45 دن تک ہی کورس میں شرکت کر سکیں گے، اور پھر واپس بھارت آجائیں گے۔
اوپن اے آئی کی پیڈ صارفین کی تعداد ایک ملین سے زیادہ ہوگئی
کمل ہاسن کا اے آئی کی تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ٹیکنالوجی فلم انڈسٹری میں تیزی سے اہمیت اختیار کر رہی ہے۔ اس فیصلے نے مداحوں میں تجسس بڑھا دیا ہے کہ وہ اس علم کو اپنے مستقبل کے پروجیکٹس میں کس طرح شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ کمل ہاسن حال ہی میں بلاک بسٹر فلم “کالکی 2898 AD” اور “انڈین 2” میں نظر آئے تھے۔ اگلی فلم میں وہ دبنگ اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کریں گے، جس کی ہدایتکاری ایٹلی کریں گے۔ فلم کی شوٹنگ جنوری 2025 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔