راولپنڈی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہماری قومی شناخت کا ایک اہم پہلو ہے اور جب تک فتنہ الخوارج کا خاتمہ نہیں ہوتا، پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے۔ جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان اور ہماری قومی شناخت کا یہ دن شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے وطن کی آزادی اور حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان جان نثاروں کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے، کم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہماری قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے، جس کے تحت عظیم قوم نے دشمن کے مذموم ارادوں کو ناکام بنایا۔ لاہور جم خانہ میں چائے پینے کا خواب دیکھنے والا دشمن اسلحہ پھینک کر تیزی سے فرار ہو گیا، جیسا کہ اس نے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے کی بڑی غلطی کی تھی۔ ملٹری میوزیم میں موجود فرار کے ثبوت ہماری آئندہ نسلوں کو افواج اور قوم کی بے مثال اتحاد اور فتح کی یاد دلاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بیٹوں کو وطن پر نچھاور کر دیا، اور ان ماؤں کی آنکھوں کے آنسو کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ ہم ان کے بہادر بیٹوں کی قربانی کو ہرگز ضائع نہیں جانے دیں گے۔